فرنس آئل پر چلنے والے بجلی گھر ستمبر تک بند پی آئی اے کو اولڈ اینڈ نیو میں تقسیم کرنے کر فیصلہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کے ذریعے کروائے جائیں گے۔ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔ عید پر پانچ چھٹیوں کی تجویز ہے۔ کرونا کے حوالے سے بحران ضرور ہے لیکن صورتحال سنگین یا بہت زیادہ تشویشناک نہیں ہے۔ ملک میں آکسیجن کی پیداواری صلاحیت ایک سال میں دوگنا ہوئی ہے۔ ملک میں کرونا کے پانچ ہزار مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ اب تک بیس لاکھ شہریوں کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ نواز شریف حکومت نے 50فیصد اضافی بجلی پیدا کی جس کی ہمیں ضرورت نہیں تھی۔ بجلی کی مد میں ہماری لازمی ادائیگی 450ارب سے بڑھ کر 900 ارب ہو چکی ہے جبکہ الیکشن کے سال میں جا کر یہ ادائیگی 1500ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے حکومت اتنی سنجیدہ ہے کہ ہم نے خیبرپی کے میں اپنے وزیر کے اوپر ایف آئی آر کردی۔ یہ 20 سے 22کروڑ عوام کا ملک ہے، یہاں ہر کام ڈنڈا لے کر نہیں کرواسکتے، خود بھی تو عقل کرنی چاہیے۔ اگر ہم نے ایک سال پہلے وہ اقدامات نہ کئے ہوتے جو اس حکومت نے کئے ہیں تو ہماری حالت بھی تقریباً بھارت کی طرح ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ایک سال کے دوران7 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا جس میں آکسیجن اور وینٹی لیٹر بیڈز بھی شامل ہیں۔ ہم نے ایک سال میں اپنی آکسیجن کی پیداواری صلاحیت کو دوگنا کیا۔ اگر ایسا نہ کرتے تو آج آکسیجن کی حالت بھی ہمارے ہاتھ سے نکل چکی ہوتی۔ صحت کے شعبے میں 500 میٹرک ٹن آکسیجن جا رہی ہے جو تشویش ناک حالت کے مریضوں کی ضروریات کے لئے کافی ہے لیکن ہم 90فیصد استعمال تک پہنچ چکے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو صنعتی شعبے سے لے کر صحت کے شعبے کو دیں گے جبکہ چین اور ایران سے آکسیجن درآمد کی بات چیت بھی چل رہی ہے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں ہوئے این سی او سی کے گزشتہ اجلاس میں آرمی چیف اور دیگر سٹیک ہولڈرز شریک تھے، جس میں وزیراعظم کی طرف سے ہدایت کی گئی تھی کہ ہمیں مکمل لاک ڈائون کرنا پڑے تو پھر ہمیں پوری تیاری کرنی پڑے گی، ضروری اشیاء کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ مکمل لاک ڈائون کی طرف نہ جانا پڑے۔ اس دفعہ عید کی 5 چھٹیاں بھی کی جا رہی ہے جو ہفتہ وار تعطیل ملاکر 7 ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں گردشی قرضے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف حکومت نے 50فیصد اضافی بجلی پیدا کی۔ دوسرے لفظوں میں ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں ہمیں ادائیگی کرنی ہوگی۔ اس کی وجہ سے بجلی کے نرخ 11روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 16 روپے 44 پیسے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے راستے تلاش کریں جس میں بجلی کی قیمت بڑھائے بغیر اس معاملے کا کوئی حل نکال سکیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو وہ اپنے اور دوسروں کیلئے انصاف کے دوہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔ جہانگیر ترین کے متعلق کچھ ایم این ایز نے وزیراعظم کو اپنا موقف بتایا ہے اور وزیراعظم نے ان پر واضح کردیا ہے کہ تحقیقات نہیں روکی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایم این ایز نے بعض حکومتی شخصیات سے متعلق شکایت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر علی ظفر کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ بعض شخصیات سے ارکان اسمبلی کو ہونے والی شکایت پر رپورٹ تیار کریں گے۔ وزیراعظم نے کہہ دیا ہے کہ ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو جہانگیر ترین سے نرمی برتنے کا نہیں کہا جائے گا، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ وینٹی لیٹرز سے متعلق شاید وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کو ابھی تک پریزینٹیشن مکمل نہیں ملی۔ تمام سرٹیفیکیشن کے ذریعے ہی وینٹی لیٹر کا کام چلتا ہے۔ شبلی فراز کو کمپنیوں سے وینٹی لیٹر سے متعلق پریزینٹیشن لینی چاہیے۔ ہمارے پاس وینٹی لیٹرز کی کمی ہوتی تو آج حالات حکومت کے کنٹرول میں نہ ہوتے۔ اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ اسلحہ لائسنس کے اجرا کی پالیسی لارہی ہے تاکہ وزارت داخلہ خود میرٹ پر اسلحہ لائسنس جاری کر سکے۔ '2023تک بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ کر1500 ارب روپے تک پہنچ جائیگی۔رواں سال ستمبر تک بتدریج مہنگے فرنس آئل والے بجلی گھر بند کردیئے جائیں گے۔ پی آئی اے کا آپریشنل خسارہ57 ارب سے کم ہوکر ایک ارب پر آگیا ہے۔ اب بھی پی آئی اے کے ایک جہاز پر 450 افراد تعینات ہیں۔ وفاقی کابینہ نے ندیم لودھی کو سندھ انفراسٹرکچر کمپنی کا سربراہ تعینات کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ اینڈ نیو پی آئی اے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ینگ اور متحرک افراد کو نیو جبکہ پرانے لوگوں کو اولڈ پی آئی اے میں ایڈجسٹ کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کابینہ میں کرونا وائرس کی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی ہے۔ مشکل وقت میں پاک فوج ہمیشہ قوم کے ساتھ کھڑی رہی۔ وفاقی کابینہ میں کرونا کی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی۔ تمام صوبے اور ادارے ملکر کرونا کی وبائی صورتحال کا مقابلہ کریں گے۔ وفاقی کابینہ نے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل کو ممنوعہ بور کے تین لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ معاون خصوصی کو ایک 223 بور جب کہ دو اے کے 47 ہتھیار رکھنے کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق یہ منظوری وزارت داخلہ کی سمری پر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل کو ان پر ہونے والے حالیہ حملے کے پیش نظر ممنوعہ بور کے لائسنس رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔