کرونا کو سنجیدگی سے لینا ہوگا میرے خلاف الزامات من گھڑت نکلے شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر‘ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔ میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت نکلے۔ پنجاب میں ایسی تبدیلی آئی کہ بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا۔ کرونا کے پھیلاؤ سے متعلق سب کو سنجیدہ ہونا ہوگا۔ ہم سب کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ حکومت کو بروقت ایکشن لینا چاہئے تھا۔ کچھ معاملات میں تاخیر کی گئی۔ شہباز شریف اپنے وکلاء اعظم نذیرتارڑ، امجد پرویز اور عطاء اللہ تارڑ کے گھر گئے۔ ان کی کاوشوں اور پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔ سابق وزیر صحت سائرہ افضل تاڑر بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ اس موقع پر شہباز شریف نے اپنے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت رنگ لائی اور انصاف کا حصول ممکن ہوا۔ شہبازشریف نے اپنی قانونی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کے تجربے، امجد پرویز کے مدلل انداز اور عطا تارڑ کے پرخلوص جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے سینٹ کا رکن منتخب ہونے پر اعظم نذیر تارڑ کو مبارک بھی دی۔ انہوں نے عطا تارڑ کو شاباش دی۔