• news

آفت کی گھڑی میں بطور قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا:صدر لاہور چیمبر

لاہور( کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے پیدا شدہ آفت کی اس گھڑی میں ہر ایک کو بہترین کردار ادا کرنا ہوگا۔ بطور قوم ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ذرا سی غفلت صنعت و تجارت، معیشت اور انسانی جانوں کو بہت بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی سکیورٹی حسن رضا خان کو کرونا سے بچاؤ کے لیے اشیا ء کی کھیپ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایس پی سکیورٹی ڈویڑن خالد محمود افضل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی موجود تھے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل بھی لاہور چیمبر نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو ماسک، سینیٹائزرز اور ٹیمپریچر گنز کا عطیہ دیا تھا۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر کرونا کا پھیلاؤروکنے کے لیے اپنا ہرممکن کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پہلے دن سے ہی پوری طرح فعال اور کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری کہا کہ کرونا کی وجہ سے پہلے ہی صنعت و تجارت کی بھاری مالی نقصان جبکہ ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن