اسلاموفوبیا کیخلاف آواز اٹھائی جائے‘ اسد قیصر کا مسلم پارلیمنٹیرنز کو خط
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے پوری دنیا کے مسلم ممبران پارلیمنٹس کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا کے حالیہ واقعات کے حوالے سے دنیا کے 100 سے زائد مسلم ممبران پارلیمنٹس کو خطوط کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا، سپیکر نے لکھا ہے کہ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عالمی سطح پر مسلمانوں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے۔ ان واقعات کا رونما ہونا انتہائی بدقسمتی ہے۔ موجودہ آزمائشی اوقات میں جب انسانیت مہلک کرونا وبائی بیماری سے نبردآزما ہے۔ ایسے اوقات میں اسلامو فوبیا کی صورت میں نفرت انگیز جذبات کو بھی طاعون کی طرح پھیلا جا رہا ہے۔ خطوط کے متن کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے مزید لکھا ہے کہ تہذیبوں کے مابین غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے۔ اسد قیصر نے کہا ہے کہ چارلی ہیبڈو والے معاملہ کے نتیجے میں اس تباہی میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ "نیشنل آبزرویٹری آف اسلامو فوبیا" کے مطابق، 2020 میں صرف فرانس میں 53 فیصد اضافہ کے ساتھ مسلمانوں پر235 حملے ہوئے، سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ رواں سال میں ایک جرمن تنظیم کے مطابق جرمنی میں کم از کم 901 اسلامو فوبک حملے ریکارڈ کیے گئے، آسٹریلیا میں سڈنی حملہ، نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ قتل عام اور ہندوستان میں حالیہ مسلم امتیازی سلوک جیسے بدقسمت واقعات کی ایک لمبی فہرست موجود ہے۔