حمداللہ پی ڈی ایم کے سیکرٹری اطلاعات مقرر پی پی اے این پی کے استعفے منظور
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے عہدوں میں تبدیلی کر دی گئی۔ حافظ حمد اﷲ کو پی ڈی ایم کا سیکرٹری اطلاعات مقررکر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حافظ حمد اﷲ کی تقرری کی منظوری دیدی۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کے استعفے قبول کر لئے۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو آخری پریس کانفرنس میں موقع دینے کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں اے این پی کے میاں افتخار پی ڈی ایم کے سیکرٹری اطلاعات تھے۔ حافظ حمد اﷲ نے پی ڈی ایم کے سیکرٹری اطلاعات کا چارج سنبھال لیا۔ کل ہونے والا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس عید کے بعد تک مؤخر کر دیا گیا۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے تحمل رکھنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے رمضان کے بعد حکومت مخالف جدوجہد تیز کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ رمضان کے بعد پہلے سے بہتر طاقت کے ساتھ میدان میں ہونگے۔ کوئی اکا دکا ادھر ادھر ہو جائے تو پروا نہیں کرنی چاہئے۔