وائرس شدید ہونے پر سعودی عرب‘بحرین سے لیکویڈ آکسیجن درآمد کرنے کی تجویز
لاہور (کامرس رپورٹر) آکسیجن مینوفیکچررز نے ملک میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر لیکوڈ آکسیجن کی سعودی عرب اور بحرین سے درآمد کرنے کی تجویز دی ہے۔ آکسیجن مینوفیکچررز کے مطابق اس وقت ہیلتھ سیکٹر کو آکسیجن کی کل پیداوار کا 70 فیصد سے 90 فیصد فراہم کیا جا رہا ہے۔ ملک میں آکسیجن کی روزانہ پیداوار 740 میٹرک ٹن ہے۔ جس میں 410 میٹرک ٹن آکسیجن پنجاب میں تیار کی جا رہی ہے۔ فی الحال آکسیجن کی قلت نہیں لیکن اگر ملک میں کرونا کے مریض بڑھتے ہیں تو حکومت کو چاہئے کہ ضرورت کے مطابق لیکوڈ آکسیجن کی سعودی عرب اور بحرین سے درآمد کرے۔ آکسیجن مینوفیکچررز نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ قومی فریضہ ہے اور ہم ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ دریں اثناء پنجاب حکومت کا آکسیجن کا ریٹ مقرر کرنے اور ادویات کی کیٹیگری میں شامل کرنے کا فیصلہ محکمہ ہیلتھ پنجاب نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو آکسیجن کو ادویات کی کیٹیگری میں شامل کرنے کی سفارشات بھجوا دیں ہیں۔