8فیصد سے زائد مثبت کییسزوالے شہروں میںپابندیاں مزید سخت کی جائینگی عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بعض اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں کرونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے شاندار خدمات پر ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایسے شہر جہاں مثبت کیسوں کی شرح 8 فیصد سے زائد ہے، وہاں پابندیاں مزید سخت کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ این سی او سی کی طرز پر خصوصی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلے کرے گی۔ اس کمیٹی میں صوبائی وزرائ، سول و عسکری حکام شامل ہوں گے۔ اجلاس میں آکسیجن کی سپلائی کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آکسیجن سلنڈرز کی ذخیرہ اندوزی یا اوورچارجنگ پر قانونی کارروائی ہوگی۔ ہیلتھ پروفیشنلز کو پہلے بھی خصوصی الائونس دیا گیا، آئندہ بھی دیا جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ آفس میں کرونا کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا مثبت آنے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور خانیوال میں یہ شرح 38 فیصد، اوکاڑہ میں 32 فیصد، ساہیوال میں 24 فیصد، وہاڑی میں20 فیصد، لاہور میں23 فیصد، میانوالی میں18 فیصد، نارووال میں16فیصد، ملتان میں 15 فیصد، فیصل آباد میں 14 فیصد، سرگودھا میں 12 فیصد اور راولپنڈی میں 11 فیصد ہے جبکہ 22 اضلاع میں اس وقت کرونا کیسز کی مثبت شرح 8 فیصد سے زائد ہے جبکہ پنجاب میں کیسز مثبت آنے کی شرح 13 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ کرونا کا موذی مرض تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ہیلتھ سسٹم دبائو کا شکار ہو رہا ہے۔ آکسیجن کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر تشویشناک مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔ جہاں پر ہم نے پابندیاں لگائی ہیں وہیں پر عوام کو ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں اور پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔پنجاب حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے کی ویکسین خریدنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال مشکل ہے لیکن ہم سب مل کر اس قومی چیلنج پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ اپنی اور اپنے خاندان کی جانوں کی حفاظت کریں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور شرح اموات پر گہری تشویش اور کرونا ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ اجلاس کے شرکاء نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہارکیا۔ اجلاس میں کرونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے شاندار خدمات پر ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور لاہور سمیت کرونا کیسز کے زیادہ مثبت شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور کیا گیا جبکہ کرونا کیسز کے حوالے سے 8فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں پابندیاں مزید سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں آکسیجن کی سپلائی کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران عسکری قیادت کی جانب سے کورونا وباء سے نمٹنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن سلنڈرز کی ذخیرہ اندوزی یا اوورچارجنگ پر قانونی کارروائی ہوگی۔ ویکسینیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹرز اور نرسز کو بھی بھرتی کیا جائے گا۔ ہیلتھ پروفیشنلز کو پہلے بھی خصوصی الاؤنس دیا اور آئندہ بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ جیتنا ہی واحد آپشن ہے۔ سیاسی اور عسکری قیادت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔معاشرے کے ہر طبقے کو کرونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے کہا کہ کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنا ایک قومی چیلنج ہے۔ سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے فوج ہمہ وقت تیار ہے۔ کرونا کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے سول حکومت کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دریں اثناء ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا ہے۔ استعفوں، لانگ مارچ کی تاریخیں دینے والوں کااپنا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ نااہل اورنالائق اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ اپوزیشن کو اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی۔ایک بیان میںوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن بھی وہ ملی جس کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں اور حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والے خود منہ کے بل گر چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ مدت بھی پوری کریںگے اور انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں بھی تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔