• news

وزیراعلیٰ سے ملاقات‘ کرونا سے بچاؤ کیلئے سخت اقدامات کرنا ہونگے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کرونا کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر سخت نفاذ اور ویکسین کے عمل میں تیزی لانے پر بھی پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ کرونا خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کو کرونا سے بچائو کیلئے اداروں کو متحرک کیا جائے اور صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرکے فیصلے کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں کرونا ویکسین کا عمل تیز کر رہے ہیں، ساٹھ اور پچاس سال کے افراد کی ویکسین کے ساتھ ساتھ چالیس سال کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کر دی ہے، ہسپتالوں کی ضروریات کا جائزہ لے کر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن