چینی سیکنڈل: جہانگیر ترین‘ شہباز فیملی کیخلاف مقدمات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا
اسلام آباد‘ لاہور (نامہ نگار+ این این آئی) چینی سکینڈل کیس میں ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے جہانگیر ترین کے خلاف درج ایف آئی آر کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی ابوبکر خدا بخش تحقیقاتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹیم کیس کے میرٹ، ڈی میرٹ، تحقیقات کا معیار اور شواہد کا ازسرنو جائزہ لے گی۔ ٹیم شہبازشریف خاندان کیخلاف چینی سکینڈل کیس میں درج ایف آئی آر کا بھی جائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ باقی چینی سٹہ مافیا کیخلاف درج 8 ایف آئی آرز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا یا نہیں۔ قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے شوگر سیکنڈل کیس میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کو بھی طلب کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق پرویز ملک کو آج نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پرویز ملک سے بطور سابق وزیر تجارت تمام ریکارڈ بھی طلب کرایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز ملک سے ای سی سی اجلاسوں اور انٹرنیشنل سطح پر چینی کی قیمتوں کے تعین کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔ واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے شوگر سیکنڈل میں صوبائی وزیر پنجاب محسن لغاری کو طلب کر رکھا ہے۔ محسن لغاری کو بھی 4مئی کو نیب راولپنڈی کے آفس میں طلبی کا نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کی پیشی کے موقع پر نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی، محسن لغاری کو 2018ء تا 2019ء میں شوگر پر دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔