فرخ حبیب اور عثمان ڈار کی شمولیت ،وزیر اعظم کی کابینہ کی نصف سنچری مکمل
اسلام آباد ، سیالکوٹ (رپورٹ: عبدالستار چودھری، نمائندہ خصوصی) فرخ حبیب اور عثمان ڈار کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے بعد وزیراعظم کے کابینہ کی ایک دفعہ پھر نصف سنچری مکمل ہوگئی ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وفاقی کابینہ میں پانچ نئے ارکان کا اضافہ ہوا جس کے بعد کابینہ ارکان کی تعداد 45سے بڑھ کر اب 50 ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں وفاقی کابینہ میں دو وفاقی وزراء شوکت ترین اور شبلی فراز، ایک وزیر مملکت فرخ حبیب، دو معاونین خصوصی جمشید اقبال چیمہ اور عثمان ڈار کو شامل کیا ہے۔ کابینہ میں وفاقی وزراء کی تعداد 27 ہے جب کہ فرخ حبیب کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ میں وزرائے مملکت کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔ وفاقی وزراء میں ایک غیر منتخب وفاقی وزیر شوکت ترین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق عثمان ڈار کی کابینہ میں شمولیت کے بعد معاونین خصوصی کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے جس میں 12 غیر منتخب شخصیات بھی شامل ہیں جبکہ 3 منتخب ارکان ڈاکٹر ثانیہ نشتر، علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر بھی معاونین خصوصی میں شامل ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم کے تمام چاروں مشیر بھی غیر منتخب ہیں۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عثمان ڈار کو دوبارہ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان تعینات کر دیا گیا ہے۔