• news

ایران ‘ سعودی عرب اختلافات سفارتی ذرائع سے حل کریں:علماء

لاہور (خصوصی نامہ نگار)علماء کرام اور مذہبی رہنمائوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات، ولی عہد محمد بن سلمان کے ایران بارے اچھے جذبات کے اظہار کو امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی چپقلش سے نکل کر اسلام اور مسلمانوں کو درپیش چیلنجوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں تو اسلاموفوبیا اور توہین رسالت کے واقعات روکنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی ، سیکرٹر ی جنرل پیر اقبال شاہ اور صوبائی صدر پنجاب واجد علی گیلانی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ باہمی اختلافات سفارتی طریقے سے حل کریں اور باہمی محاذ آرائی پر توانائیاں صرف کرنے کی بجائے امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے راہ ہموار کریں۔ پیر محفوظ مشہدی کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثی قبائل کے خلاف جاری سعودی اتحاد کی جنگ کو ختم کیا جائے ،جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے قبرستانوں کی بحالی پر کام ہونا چاہئے، اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کو مضبوط کیا جائے، قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے قیام کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ جدوجہد شروع کی جائے تو کامیابی یقینی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن