• news

کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی کا جائزہ لینے کیلئے 3رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزارت داخلہ نے کالعدم ٹی ایل پی کی پابندی کے خلاف نظرثانی کی درخواست پر تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس میں وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے حکام شامل ہوں گے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے پابندی کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی اپیل کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں درخواست پر مشاورت کی گئی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سٹیک ہولڈرز سے بات چیت اور وزارت داخلہ و قانون کے تین ارکان پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی درخواست کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کالعدم ہوچکی ہے۔ تحلیل کا پروگرام ترک نہیں کیا۔ عمران خان فیصلوں پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے سرنڈر نہ کرنے کا کہا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ جس پارٹی کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے اس پارٹی کے پاس جواب کیلئے 30روز ہوتے ہیں۔ عید کے بعد 30روز کے اندر ہم ایک کمیٹی قائم کریں گے۔ حکومت کمیٹی کے فیصلے کی پابند ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن