• news

 پاکستانی شہریوں کی شکایات ،سعودی عرب میں سفارتی عملے کیخلاف تحقیقات کا آغاز

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم معائنہ کمیشن نے سعودی عرب میں سفارتی عملے کے خلاف پاکستانی شہریوں کی شکایات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا، بیرون ملک مقیم شہریوں کو اس ضمن میں معلومات یا شکایت درج کروانے کے لئے وزیراعظم معائنہ کمیشن نے ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار احمد کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے اور  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بالعموم اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو بالخصوص سفارتی عملے کے خلاف رشوت ستانی، سفارتی عملے کی جانب سے ناروا سلوک یا انتقامی  کارروائی کا نشانہ بنانے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی دعوت دی گئی ہے، خواہشمند شہری سفارتی عملے کے خلاف وزیراعظم معائنہ کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار احمد سے ویٹس ایپ یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم معائنہ کمیشن سعودی عرب میں تعینات گریڈ 21 کے افسر راجہ علی اعجاز اور دیگر سفارتی عملہ کی پاکستانی کمیونٹی سے بدسلوکی اور رشوت طلب کرنے کے واقعات  سمیت دیگر  شکایات کا جائزہ لے کر 15 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔ تحقیقات کے لئے وزیراعظم آفس کی جانب سے آٹھ نکاتی گائیڈ لائنز اور ٹی او آرز بھی وضع کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم معائینہ کمیشن کوجاری کئے گئے ٹی او آرز میں کہا گیا ہے کہ معائنہ کمیشن سفارتی عملے کی نااہلی، فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے تعین کے علاوہ سفارتخانے کو ملنے والی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لے گا وزیراعظم معائنہ کمیشن کی جانب سے شہریوں کے رابطہ کے لئے ٹیلی فون نمبر +923202546382بھی دیا گیا ہے اس کے علاوہ شہری اپنی شکایت یا معلومات فراہم کرنے کے لئے وزیراعظم معائنہ کمیشن سے اس ای میل ops@gmail.com پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن