برطانوی کرکٹ ٹیم 16سال بعد دورہ پاکستان کیلئے تیار اکتوبر میں سیریز متوقع فواد چودھری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری ہے کہ 16 سال کے طویل عرصے کے بعد بالآخر انگلش ٹیم پاک سرزمین پر کھیلنے کیلئے تیار ہو گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ رواں سال ہی دونوں ملکوں کے درمیان سیریز ہوگی۔ اس بات کی اطلاع وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے دی، جو انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر کرسچین ٹرنر کے ساتھ ملاقات کے تناظر میں عوام کے ساتھ شیئر کی۔ فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے دوستوں کی طرح عزیز برطانوی سفیر کرسچین ٹرنر کیساتھ ملاقات بہت خوشگوار رہی۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ 16 سال کے عرصہ کے بعد بالآخر برطانیہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے لکھا کہ انگلش ٹیم رواں سال اکتوبر میں پاکستانی سرزمین کا دورہ کرے گی جبکہ آئندہ سال 2022ء میں دونوں ملکوں کے درمیان مکمل ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ہم نے یہاں تک پہنچنے کیلئے بہت طویل سفر کاٹا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ رواں سال کی دوسری ششماہی میں برطانوی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کا منوصبہ بنا رہے ہیں۔ اس دوران برطانوی میوزیکل بینڈ بھی پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔ اس پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ برطانوی کرکٹ ٹیموں اور میوزیکل بینڈ کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔