• news

پی ڈی ایم سمیت بے دوڑنے والا ہجوم منفی سیاست آر پار ہوچکی : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر+وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تقریباً75ارب روپے کے مزید7منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ کھاریاں ڈنگہ روڈ کی بحالی، تعمیرو مرمت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہوگی۔ مریدکے نارووال روڈ کی بحالی بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہوگی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت گوجرانوالہ پسرور روڈ کو گوجرانوالہ ایسٹرن بائی پاس سے سیالکوٹ لاہور موٹر وے (پسرور انٹرچینج) تک دورویہ کیا جائے گا۔ ملتان رنگ روڈ کے منصوبے کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔ فیصل آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ پلان کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیا جائے گا۔ جیل روڈ پر بورڈ آف ریونیو کی اراضی کا استعمال بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا جائے گا۔ اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے بڈنگ پراسس اورآر ایف پی کو منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ملتان وہاڑی دورویہ سڑک کی تعمیرکے منصوبے کی نظرثانی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ گجرات جلال پور جٹاں روڈ کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ سے نکالنے کی منظوری دی گئی اور اس منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا دورویہ سڑک پر منصوبے کی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ لاہور میں واٹر میٹرز کی تنصیب کے منصوبے کی نظر ثانی شدہ تجویز کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی میں 3پارکنگ پلازے بنانے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں کے لئے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی ہر سٹیج کے حوالے سے ٹائم لائن مقرر کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اشرف علی انصاری نے ملاقات کی۔ محمد یونس انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گوجرانوالہ شہر کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلی عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے۔  ارکان اسمبلی میرے ساتھی ہیں -منتخب نمائندوں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے - گوجرانوالہ شہر کے لئے اربوں روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔گوجرانوالہ کے ترقیاتی پیکیج کی خود مانیٹر نگ کروں گا اور گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کردیا ہے- پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو کر ٹوٹ چکی ہے۔ پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے- پاکستان کے عوام آر پار کی نہیں بلکہ خدمت کی سیاست چاہتے ہیں۔آر پار کے دعویداروں کی منفی سیاست خود آر پار ہوچکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اخوت کے بانی سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کمزور طبقات کی مدد کیلئے پروگرامز اور مائیکروفنانسنگ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈر جیسے نظرانداز کئے گئے طبقے کے بارے میں پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے -حکومت پنجاب بزرگ افراد کو سہ ماہی پنشن کی صورت میں امداد بھی فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے پیش نظر محنت کشوں کا عالمی دن سادگی اور سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے منا رہے ہیں۔ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں۔1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ محنت کشوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے۔ ماضی میں محنت کشوں کو وعدوں پر ٹرخایا گیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کاویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے متعلقہ مختلف امور کی منظوری دی گئی۔ اورنج لائن میٹروٹرین کی جینی ٹوریل سروسز کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کیلئے دوبارہ ٹینڈر کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین کی سبسڈی کو کم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹروٹرین کیلئے پرسنلائزڈ کارڈ کے اجراء کیلئے ضروری اقدامات جلد اٹھانے کی ہدایت کی۔ اتھارٹی پرسنلائزڈ کارڈ کے اجراء  کے حوالے سے 30روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ پرسنلائزڈ کارڈ کے اجراء  سے ٹرین پر سفرکرنے والوں سے فاصلے کے حساب سے کرایہ وصول کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں میٹروبس سروس کی سکیورٹی کیلئے علیحدہ فورس تشکیل دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔ لاہور میٹروبس، ملتان میٹروبس اور راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سسٹم کے سٹیشنز اور کوریڈورزکو ریونیو جنریشن کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے سٹیشنزکو بھی وسائل بڑھانے کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ اتھارٹی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے تمام امور کا جائزہ لے کراپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹیشنز پر کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے منفرد انداز میں منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ اورسٹیشنز پر صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن