بھارت میں دوائوں کی قلت،رکشہ ڈرائیورکرونا ویکسین چراکرفرار
نئی دہلی(این این آئی ) بھارت میں ایک رکشہ ڈرائیور نے ٹی وی پر دوائوں کی قلت کے بارے میں سنا تو ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے نکل کھڑا ہوا تاہم اپنے مقصد میں ناکام رہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی پر دوائیوں کی قلت کی خبریں سن کر رکشہ ڈرائیور نے ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے میڈیکل اسٹورز کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔رکشہ ڈرائیور نے باندرہ سے بوریولی کے درمیان متعدد میڈیکل اسٹورز کا تالا توڑ کر چوریاں کیں، اسے اپنی مطلوبہ چیز تو نہیں ملی تاہم وہ پیسے اور خشک میوہ جات چرا کر فرار ہوگیا۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کو گرفتار کرلیا، ملزم کی عمر 24 سال ہے اور وہ ایک درجن سے زائد میڈیکل اسٹورز میں چوری کی وارداتیں انجام دے چکا تھا۔