محنت کشوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرینگے: عارف علوی،مزدور مشکلات کا شکار ہیں، آصف زرداری
اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزدوروں اور محنت کشوں کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی تحریک ہر طرح کے امتیازات اور حقوق کی پامالیوں کے خلاف جدو جہد کے لئے مشعل راہ ہے،حکومت خصوصی طور پر مزدور کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہم مزدوروں اور محنت کشوں کی جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی ، آج مزدور ،کسان اورسرکاری ملازم سخت مشکلات کے شکار ہیں موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے محنت کشوں کے حقوق غضب کر رکھے ہیں۔