بشیر میمن نے اپنی پوزیشن سے کاروبار بڑھایا‘ 3 ملیں جنوبی وزیرستان میں: شہباز گل
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سابق ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن پر سنگین الزامات لگا دیئے۔ ایک بیان میں شہباز گل نے الزام لگایا کہ بشیر میمن نے اپنی پوزیشن استعمال کر کے اپنا کاروبار بڑھایا۔ انہوں نے سابق ڈی جی ایف آئی اے کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ کی 3 ملیں جنوبی وزیرستان میں ہیں؟۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کیا آپ نے یہ 3 ملیں اس لیے لگائی ہوئی ہیں کہ آپ ٹیکس فری آئل منگوائیں؟۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میری بات حتمی نہیں ہے یہ تحقیق طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے کو معلوم تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس چوری پر ان پر ہاتھ ڈالنا ہے، جس سے بچنے کے لیے انہوں معاملے کو سیاسی رنگ دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ بشیر میمن آپ جب وزیراعظم سے ملتے تھے تو اتنے جھک جاتے تھے کہ خدشہ ہوتا لیٹ ہی نہ جائیں۔