این اے249،ٹرن آئوٹ کم رہا دوبارہ گنتی کی بجائے ری پولنگ ہونی چاہیے،فواد چودھری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 249 میں ٹرن آئوٹ بہت کم رہا، الیکشن کمشن نے حکم امتناع دے کر اچھا کیا، الیکشن کمشن کو دوبارہ گنتی کی بجائے ری الیکشن کی طرف جانا چاہئے۔ ہفتہ کے روز الیکشن کمشن کے حکم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حلقہ این اے 249 میں ٹرن آئوٹ بہت کم رہا، مجموعی طور پر 21 فیصد رجسٹرڈ ووٹ ڈالے گئے، جیتنے والا امیدوار 5 فیصد سے بھی کم ووٹ حاصل کر کے ایم این اے بن گیا، اس قسم کا الیکشن جمہوریت کے ساتھ مذاق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے حالات ہر ایک کو معلوم ہیں، پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جیت پر تمام جماعتوں نے تنقید کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر الیکشن میں ہارنے والی پارٹی جیتنے والے پر تنقید کرتی ہے، ری الیکشن کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو بار بار اس معاملہ پر اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں، ہم اس مسئلہ پر سیاسی جماعتوں کو بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اصلاحات کے لئے تیار نہیں تو پھر رونا رونے کا بھی کوئی حق نہیں بنتا۔