• news

سوڈان کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر تشدد کی مذمت 

خرطوم (صباح نیوز)سوڈان کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصی میں فلسطینی نمازیوں اور روزہ داروں پر ہونے والے اسرائیلی فوج کے حملوں اورتشدد کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ سوڈانی وزارت خارجہ کی طرف سے  کہا گیا کہ ماہ صیام کے آغاز ہی سے   مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے آنے والے فلسطینیوں پرحملے کرکے انہیں زخمی کیا گیا۔ اس کے علاوہ یہودی آبادکاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں تشدد اور مقدس مقام کی بے حرمتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہودی آباد کاروں کے حملے اور تشدد نفرت اور اشتعال انگیزی کا کھلا ثبوت ہے۔سوڈانی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ بیت المقدس کے عرب، اسلامی اور مسیحی تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے تاریخی قانون پرعمل درآمد یقینی بنائے اور القدس میں فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کا سلسلہ بند کرے۔بیان میںکہا گیا کہ سوڈان مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے آئے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد کی شدید مذمت کرتا ہے۔ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں اور روزہ داروں پرحملے اشتعال انگیزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن