• news

 179یورپی یونین قرارداد پر آل پارٹیز کانفرنس  بلائی جائے: زبیر ظہیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے یورپی یونین کی پاکستان اور توہین رسالت ؐکے قانون کیخلاف قرارداد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے فوری طور پر پارلیمانی اور غیر پارلیمانی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اقلیتی نمائندوں کی آل پارٹیز کانفر نس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھ کر اسلامی سر براہی کانفرنس بھی بلانی چاہیے۔ اگر یورپی یونین اپنے مفادات کے لیے متحد ہو سکتی ہے تو امت مسلمہ انبیاء کرام کی عز ت اور احترام کے لیے کیوں متحد نہیں ہو سکتی؟۔ پاکستانی مذہبی جماعتیں کو بھی چاہیے وہ اپنا اپنا راگ الاپنے کی بجائے تمام مکتبہ فکر متحد ہوکر آواز بلند کر یں۔ 'یورپی یونین کی قرارداد تعصب 'نفرت اور بدترین انتہاء پسندی کا مظاہرہ ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وہ اتوار کے روز جامعہ عمر بن عبد العزیز گلبرگ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر مر کزی عہدیداران مولانا عبدالستار نیازی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، حافظ اکرام الٰہی، رانا محمد آصف اور میاں محمد اصغر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت مکمل تحفظ حاصل ہے۔ آل پارٹیز کانفر نس کے ذریعے یورپی یونین کو پاکستان سے ایک متفقہ پیغام جانا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن