• news

این اے 249 کا انتخابی مٹیریل قبضے میں لیا جائے‘ مفتاح اسماعیل: مریم اورنگزیب

 اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے این اے 249 سے امیدوار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی کارروائی کیلئے درخواست  کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے سربمہر حالت میں بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان الیکشن کمشن فوری اپنی تحویل لے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی مواد درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک رینجرز یا پاک آرمی کی نگرانی میں کسی محفوظ مقام پر رکھا جائے۔ پولنگ عملہ اور پریزائیڈنگ افسران کی اکثریت کا تعلق سندھ حکومت سے تھا۔ اس عملے نے سندھ کی حکمران جماعت کا ساتھ دیا جیسا کہ ہر جماعت اور امیدوار نے شکایت کی ہے۔ ہمیں بیلٹ پیپرز کی حفاظت سے متعلق شدید خدشہ ہے۔ یہ سندھ پولیس کی تحویل میں ہیں جو سندھ حکومت کا ہی ایک ذیلی محکمہ ہے۔ بیلٹ پیپرز، کائونٹر فائلز، انتخابی فہرستوں کی نشان زدہ نقول، بیلٹ پیپر اکائونٹس میں ردوبدل کئے جانے کا خدشہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے بھی کہا ہے کہ ا لیکشن کمشن حلقہ این اے 249 کا ریکارڈ فی الفور اپنی تحویل میں لے۔ الیکشن کمشن ووٹوں کے تھیلے اپنے قبضے میں لے اور یقینی بنائے کہ یہ تھیلے سیلڈ ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا الیکشن کمشن انتخابی ریکارڈ فوری اپنے قبضے میں لے تاکہ اس میں کوئی ردو بدل نہ ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن