متعدد وارداتیں، شہری قیمتی اشیا سے محروم: ٹاؤن شپ میں 5لاکھ کا ڈاکہ
لاہور(نامہ نگار) لاہورکے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اورچوروں نے ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات، موبائل فون،موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اوردیگرسامان لوٹ لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ٹاؤن شپ کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں نے شہریارکے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر5لاکھ 56ہزار روپے مالیت، باغبانپورہ میں نصیرکی فیملی سے4 لاکھ روپے مالیت، نصیر آباد کے علاقے میں قدیراور اس کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت،راوی روڈ کے علاقے میں شبیر اور اس کی فیملی سے2 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت، کاہنہ کے علاقے میں عادل اور اس کی فیملی سے3لاکھ 10ہزار روپے مالیت، سندر میں جبار کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات، موبائل فون اوردیگرسامان لوٹ لیاہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 5وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے شاہدرہ ٹاؤن اورڈیفنس سے دوکاریں جبکہ چوہنگ،مانگا منڈی، ہربنس پورہ،گلبرگ،غازی آبادکے علاقوں سے 5موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔تھانہ نواں کوٹ کے علاقے یتم خانہ چوک سے پولیس کانسٹیبل افتخار حسین کی موٹرسائیکل چوری ہوگئی ہے۔