حکومت نے ناکامیاں چھپانے کیلئے میڈیا کا گلا دبا رکھا ہے: بلاول
کراچی (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں میڈیا پر عائد اعلانیہ و غیر اعلانیہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے دھونس‘ دھمکیوں اور دبائو جیسے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی صحافت کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کی زیرقیادت پی ٹی آئی حکومت نے ہر شعبے میں اپنی ناجائز، نااہلی اور سراسر ناکامیوں کو چھپانے کے لئے میڈیا کا گلا دبایا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد غیرجانبدار صحافیوں اور اینکرپرسن کو زبردستی ٹی وی سکرینز سے ہٹایا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام تر سنسرشپ، بشمول خود ساختہ سنسرشپ کے جو خفیہ خطرات کے ذریعے عائد ہے، کا خاتمہ کیا جائے اور میڈیا کو ایک آزاد نگران کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔