• news

بھارتی ریاست آسام اسمبلی کے انتخابات میں 31 مسلم امیدوار بھی کامیاب

نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت میںالیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق آسام کے نومنتخب 126 رکنی اسمبلی میں 31 مسلم ایم ایل ایز بھی ہوں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آسام اسمبلی انتخابات 2021 میں کل 336 مسلم امیدواروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے 31 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔آسام میں اسمبلی رکن کے طور پر منتخب ہونے والے زیادہ تر (15) مسلم اراکین اسمبلی آل انڈیا ڈیموکریٹک فرنٹ(اے آئی یو ڈی ایف)سے ہیں۔ اے آئی یو ڈی ایف نے کل 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔اے آئی یو ڈی ایف نے 2016 میں انتخابات میں 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس  اسمبلی میں کل 30 مسلم ارکان اسمبلی تھے۔آسام اسمبلی میں منتخب ہونے والے دیگر مسلم ایم ایل ایز کانگریس سے ہیں۔ کانگریس سے بھی 15 مسلم امیدوار جیت کر اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ایک دیگر مسلم امیدوار نومل مومن بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہیں۔ 2016 کے انتخابات میں 02 مسلم امیدواروں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر جیت درج کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن