شیخوپورہ،عید کے کپڑے مانگنے پر باپ نے4 بچوں کو نہر میں پھینک دیا
جڑانوالہ‘ شیخوپورہ ‘بھکھی(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) شیخوپورہ میں عید کے نئے کپڑے مانگنے پر باپ نے چار بچے نہر میں پھینک دیئے۔ ملزم محسن نے 4 روز قبل بچوں کو نہر میں پھینکا تھا۔ ملزم محسن کئی ماہ سے بیروزگار تھا، بچوں نے عید پر نئے کپڑوں کا تقاضا کیا۔ ملزم نے کپڑے دلانے کا بہانہ بنا کر بچوں کو بھکھی نہر پھینک دیا۔ ملزم محسن بچوں کے لاپتہ ہونے کا ڈرامہ رچاتا رہا۔ شک پڑنے پر پولیس نے حراست میں لیا تو ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم کی نشاندہی پر بھکھی نہر میں بچوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے نواحی گاؤں چک نمبر74 ر۔ ب بڈالہ کے رہائشی محسن ولد نصیر احمد کے گھر میں فاقہ کشی کا عالم تھا۔ معصوم بچوں جویریہ‘ نمرہ‘ عروہ‘ ذوالقرنین نے اپنے باپ سے کپڑوں کے لئے ضد کی تھی۔بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق ملزم محمد محسن نے اپنی بیوی پر اپنے بہنوئی اور ہم زلف کے درمیان ناجائز تعلقات کا الزام لگاتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میں نے اپنی بیوی کو کئی بار منع کیا جس پر وہ باز نہ آئی اس پر اکثر گھر میں جھگڑا رہتا تھا۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے تفتیش کے لئے ایڈیشنل ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔