پاکستان سپر لیگ باقی میچز ‘ چند روز میں جائزہ لینے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سْپر لیگ کے بقیہ میچز کے انعقادکیلئے اگلے چند روزمیں جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کیدیگر میچز کیلئے دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا، پاکستان ٹیم کی انٹر نیشنل مصروفیات کی وجہ سے ونڈو تلاش کرنا مشکل ہے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای کا آپشن خارج از امکان نہیں ہے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے باقی میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں کھیلے جائیں گے، ایک ہفتے کا قرنطینہ 22 مئی سے شروع ہو گا۔ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال پی سی بی حکام کیلئے پریشان کن ہے، جس کے باعث پاکستان سپر لیگ کیلئے پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق آئندہ چند روز انتہائی اہمیت کے حامل ہوگئے ہیں، بورڈ حکام نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے کئی آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔پی ایس ایل مکمل کرنے کیلئے رواں سال پی سی بی کے پاس کوئی اور ونڈو نہیں ، قومی ٹیم کی عالمی مصروفیات کی وجہ سے ونڈو تلاش کرنامشکل ہے،لیگ کرانے کیلئے میچز یو اے ای منتقل کرنے کا آپشن استعمال کیا جاسکتاہے جبکہ فرنچائزز بھی یواے ای میں لیگ کرانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق این سی او سی سے رابطے میں ہیں، کرونا وبا کی صورتحال کے پیش نظر این سی او سی کی ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا کیونکہ کراچی میں بقیہ میچز کا فیصلہ این سی او سی کو اعتماد میں لیکر کیا تھا۔موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کیلئے فیصلہ کیا جائیگا، لیگ میچز کیلئے تیزی سے کام جاری ہے، پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوں گے۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ایونٹ کی کراچی سے یو اے ای منتقلی کی فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں، کرکٹ بورڈ اعلان شدہ شیڈول کے مطابق تیاریاں کررہاہے۔پی ایس ایل فرنچائزرز سمیت سب کی مشاورت سے میچز کے پروگرام کا اعلان کیا جا چکاہے۔ اس میں ابھی تک کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔