این اے 249 میں الیکشن کے دن کوئی شکایت درج نہیں ہوئی: مراد علی شاہ
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این اے 249 میں الیکشن کے دن کوئی شکایت درج نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آر او سے مختلف آیا لیکن تسلیم کیا، آرڈیننس کی زندگی 4 ماہ ہوتی ہے، ون وے آرڈیننس کی فیس سیونگ کے علاوہ کوئی ویلیو نہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعدانہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی پہلے بھی باتیں ہوتی رہی، آرڈیننس لے آنا کوئی حل نہیں، آرڈیننس کی زندگی 4 ماہ ہوتی ہے، ون وے آرڈیننس کی فیس سیونگ کے علاوہ کوئی ویلیو نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ این سی سی اجلاس میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کی وجہ سے کورونا پھیلا بڑھا، پورے ملک میں کورونا صورتحال اچھی نہیں، جو اقدامات اٹھانے چاہئیں وہ نہیں لئے جا رہے، وزرا کے اپنے بیانات میں تضادات ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلا ئو روکنا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا کہ کراچی سے ہر دوسرے دن 4 لوگوں کو پیشی پر بلالیں، سنا تھا فلائٹس 20 فیصد کر رہے ہیں، مگر کراچی سے لاہور کیلئے 4 سے 5 فلائٹس تھیں۔