• news

دفاعی تعاون بڑھانے کے مثبت اثرات ہونگے،جنرل باجوہ: ساتھ دینگے

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک سعودی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے کے امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے یہ بات دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں پیشرفت جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سعودی عرب کی مسلح افواج کے سربراہ نے آرمی چیف کے جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ خیال رہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن