انتحابی اصلاحات:صدر نے اپوزیشن کو مشاورت کیلئے مدعو کر لیا
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے اپوزیشن کو مشاورت کیلئے ایوان صدر مدعو کر لیا۔ صدر نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اپوزیشن نہیں آتی تو میں پارلیمنٹ جانے کو تیار ہوں۔ انتخابی اصلاحات پر فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف جانا ہے تو وقت کم ہے۔ بائیو میٹرک سسٹم سے اصل ووٹر کی پہچان ہوئی، الیکٹرونک سسٹم میں مشین سے انتخابی نشان پر بٹن دبا کر پرچی نکالی جائے گی۔ فزیکل بیلٹ پیپرز حتمی نتائج کیلئے شمار ہوں گے۔ جتنی میٹنگز ہوئی ہیں اس میں الیکشن کمشن کے نمائندے آئے ہیں۔ بیلٹ پیپرز حتمی نتائج کیلئے شمار ہوں گے۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار معیشت کے قیام اور انٹرپرینیورز کو سازگار اور مسابقتی کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوانِ صنعت و تجارت لاہور کے صدر میاں طارق مصباح الرحمن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے صدر مملکت کو بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں سے کہیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت منصفانہ کاروباری ماحول اور پائیدار معیشت کی تشکیل کے لئے پرعزم ہے۔ حکومت کاروباری اور معاشرے کے کمزور طبقات کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔