پی پی 84خوشاب ضمنی الیکشن،مسلم لیگ ن نے اپنی سیٹ پھر جیت لی
سرگودھا (امیر افضل اعوان) پی پی 84 خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ تحریک انصاف کی دوسری پوزیشن رہی۔ تفصیلات کے مطابق غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق (ن) لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو نے 74165 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی جبکہ پی ٹی آئی کے علی حسین خان بلوچ نے 63569 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ پیپلز پارٹی 230 ووٹ حاصل کر سکی۔ الیکشن میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز نے معظم شیر کو مبارکباد بھی دیدی۔ پی پی 84 کی نشست (ن) لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ نورپورتھل کے صوبائی حلقہ پی پی 84 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جہاں الیکشن کے باعث علاقہ میں عام تعطیل اور عدالتوں میں چھٹی کے باعث لوگوں کا ضمنی الیکشن میں دلچسپ رحجان دیکھنے میں آیا۔ پولنگ کیلئے دیہی مرکز صحت کو پولنگ سٹیشن نمبر 81 میں تبدیل کیا گیا جہاں ووٹنگ کا عمل اور لیبر روم میں معمول کا علاج معالجہ جاری تھا جہاں ایک خاتون نے اپنے بچے کو جنم دیا۔ پولنگ کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا جس پر ڈی ایس پی کی قیادت پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری رہا۔ چک نمبر 36 ایم بی کے مکینوں نے بنیادی سہولیات کے فقدان پر پولنگ کا بائیکاٹ کیا اور ایک روز قبل ہی ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس لئے لوگوں نے پولنگ سٹیشن کا رخ نہ کیا اور وہ ویران نظر آئے۔ ایک پولنگ سٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے آپس میں گتھم گتھا ہونے پر مختصر وقت کیلئے پولنگ کا عمل رک گیا جس پر قابو ہوتے ہوئے دس منٹ بعد پولنگ شروع کر دی گئی۔