ڈبل لاک ڈائون سے بھارت کے زیر کشمیر میں صورتحال تشویشناک،شاہ محمود
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو پھر انسانی ہمدردی کے تحت مدد کی پیشکش کی۔ ہم آج بھی بھارت کی جانب سے جواب کے منتظر ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔ کشمیریوں کو ادویات اور طبی سہولتوں تک رسائی فراہم کی جائے۔ دریں اثناء کشمیر کمیٹی کا جلاس ہوا جس میں تمام جماعتوں نے شرکت کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیریوں کو ادویہ‘ ویکسین ملنے اور ہسپتال جانے میں مشکلات ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بے حد تشویش ہے ۔ علاوہ ازیں چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ پاکستان اور دنیا نے بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پھی کرونا کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ بھارت ناکام ریاست ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہری تکلیف کا شکار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں 71 ہزار افراد کیلئے صرف ایک وینٹی لیٹر ہے۔ پاکستان کے نظام صحت اور حکومت کی پالیسیوں نے وباء کو قابو میں رکھا۔ ڈبل لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیریوں کی زندگی عذاب بن چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیشنل میڈیکل کوریڈور کھولنے کی اجازت دی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں اور صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی ہیلتھ ایجنسیاں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ‘‘ہیلتھ کوریڈور’’ کے قیام کیلئے اقدامات کریں۔ شہریار آفریدی کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری کرونا وائرس کی وبا کے دوران دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اجلاس میں شہید کشمیری حریت رہنماؤں کیلئے فاتحہ خوانی جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد خود ارادیت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسلام آباد سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے مرکزی علما کونسل، صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران اتحاد بین المسلمین اور تحفظ حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس دکھ بھری گھڑی میں میری دعائیں اور ہمدردیاں مرحوم اشرف صحرائی کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس، تحریک حریت جموں و کشمیر اور کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔