• news

عمران آئی ایم ایف ڈبل پر معافی مانگیں،بلاول:خوشاب الیکشن جیتنے پرشہباز کو مبارکباد

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خوشاب کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ضمنی انتخابات میں مسلسل کامیابیاں یہ ثبوت ہیں کہ عوام نے پی ٹی آئی کومسترد کردیا ہے۔ عوام اپنے ووٹ سے مسلسل عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف فیصلے سنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا۔ اپنے  بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر اب نظرثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی۔  پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں۔ عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔ ملک میں ہونے والی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں۔ وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔ آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں۔ پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا۔ پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں۔ یہ ملک ہے، کوئی کلاس روم نہیں۔ عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا دراصل ملکی وقار پر سمجھوتہ ہے۔ آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آئی ایم ایف سے ڈیل سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لیتے تو آج عوام یوں مہنگائی کی سونامی میں نہ ڈوب رہے ہوتے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے آئے تھے اور آج عمران خان نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کرکے کروڑوں پاکستانیوں کو بے روزگار کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن