• news

پاکستان ایمیزون کے فروخت کنندگان کی فہرست میں شامل: بڑی کامیابی: عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبرنگار خصوصی) مشیر تجارت عبدالررزاق دائود نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایمیزون کچھ ہی دنوں میں پاکستان کو اپنے فروخت کنندگان کی فہرست میں شامل کرے گا۔ ہم پچھلے سال سے ایمیزون کے ساتھ منسلک ہیں اور اب  عملاً ہو رہا ہے۔ یہ ہمارے نوجوانوں، ایس ایم ایز اور خواتین کاروباری افراد کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔ ای کامرس پالیسی کا ایک اہم سنگ میل پوری دنیا کے بہت سارے لوگوں نے ٹیم ورک کے ذریعے حاصل کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لئے خوش خبری اور ایک بڑی پیش رفت یہ ہے کہ ای کامرس مارکیٹ میں پاکستانی تاجروں کو کاروبار کے مواقع میسر آئے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ایمیزون نے بالآخر پاکستانی تاجروں کو اپنے نظام کے ذریعے اشیاء کی برآمد کی منظوری دیدی ہے۔ پاکستان میں ایمیزون کی سرگرمیوں کے آغاز سے ہمارے نوجوانوں کو آن لائن کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے کیونکہ یہ ای کامرس مارکیٹ نوجوان سرمایہ کاروں (مرد و خواتین)کی نئی نسل کو برآمدی منڈی میں قدم رکھنے کے قابل بنائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن