فلسطین ، کشمیر ، افغانستان کے مسائل اتحاد امت سے حل ہوں گے:لیاقت بلوچ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاکہ فلسطین ، کشمیر ، افغانستان کے مسائل اتحاد امت سے حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ناجائزریاست ہے۔ مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر کو سرد خانوں میں ڈالنے اور قصہ پارینہ نہیں بننے دیا جائے گا۔اسلام کی عالمی تحریک سرزمین فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مکمل نابودی سے کم کسی شے پر راضی نہیں ہوگی۔ قبلہ اول کی بازیابی پوری ملت اسلامیہ کی گردنوں پر قرض اور فرض ہے۔ مظلوم کی فریاد سننا، اس کی ہر قیمت پر مدد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔ مکمل آزادی فلسطینیوں کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوم القدس سمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین اور لیڈر ملک ہے لیکن حکمرانوں نے بزدلی ، کرپشن ، بے تدبیری اور عدم حکمت سے خود پاکستان کو بحرانوں سے دوچار کردیاہے۔ اقتصادی محاذ پر قرضوں و کشکول کی حکمت عملی ترک کی جائے۔ خود انحصاری ، خود داری اور اپنے عوام پر اعتماد کے ساتھ پاکستان کا مقام بحال کیا جائے۔ فلسطین و کشمیر اور افغانستان پر قومی حکمت عملی بنائی جائے جس پر قومی قیادت اور عوام متحد ہو جائیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کی جدوجہد ترک کرنا اور بیرونی دباؤ پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنا ملت اسلامیہ اور قائد اعظم ؒ ، علامہ اقبال ؒ کی فکر سے غداری ہوگی۔ سیمینار میں تحریک حریت کشمیر کے مرکزی قائد اشرف صحرائی کی مظلومانہ شہادت پر دکھ کا اظہار اور دعائے مغفرت کی گئی۔