• news

کرونا مزید140اموات سندھ کل،باقی ملک میں آج سے لاک ڈائون

کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی)  ملک بھر میں کرونا  سے 140  افراد جاں بحق‘ اموات کی تعداد 18 ہزار 677  ہوگئی۔  تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 4  ہزار 298  نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک 7 لاکھ 47 ہزار 755 مریض صحتیاب‘  5 ہزار 177  مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا ایس او پیز سے متعلق پابندیوں کا نیا حکم نامہ جاری کردیا۔ محکمہ داخلہ نے کرونا ایس اوپیز کے تحت 9 سے 16 مئی تک نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ تمام سیاحتی تفریحی مقامات عید کی تعطیلات میں بند رہیں گے۔  9 تا 16 مئی شہریوں کی نقل وحرکت محدود رہے گی۔  تمام کاروبار، مارکیٹیں بند رہیں گی تاہم بنیادی اشیائے ضرورت کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی گاڑیوں، ٹیکسی میں نصف نشستیں خالی رکھنا ہوں گی، ریسٹورنٹس صبح 5 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔ سندھ حکومت نے عیدالفطر کے دوران صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی۔ صحت ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور قطر سے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں کرونا وائرس مثبت پایا گیا، متاثرہ مریضوں کو ایئرپورٹ کے قریب قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 15کروڑ 56لاکھ 55ہزار 853 ہوگئی۔ پی آئی اے کی جانب سے عالمی وبا کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سے بحرین کے لئے بند پروازیں بحال کر دی گئی۔ ملائشیا نے پاکستان سمیت دیگر 2 ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری چند دن اور عید سادگی اور احتیاط سے منائیے، اللہ کے کرم سے اور بروقت فیصلوں سے ہمارے ملک میں وہ حالات نہیں ہوئے جو پڑوس ملک بھارت میں ہیں۔ آئیں مل کر اس اہم ترین وقت کو احتیاط سے گزاریں۔ ملک کے بیشتر شہروں کے بازاروں میں عید کی خریداری کرنے والوں کا رش ہے۔ سندھ کے سوا باقی ملک میں 6 بجے سے لاک ڈاؤن ہو گیا۔ این سی او سی نے 8 سے 16 مئی تک سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈاکٹر مسعود اختر انتقال کر گئے۔ وہ ایک ماہ سے کرونا کے مرض میں مبتلا اور لاہور میں ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 130 مریض سامنے آ گئے۔ مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 1347 ہو گئی۔ وائرس سے تین مریض جاں بحق۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے 10 سے 15 مئی عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری صحت نبیل اعوان کے مطابق اطلاق محکمہ صحت‘ میڈیکل ڈینٹل  یونیورسٹیز‘ محکمہ کے زیرانتظام ہسپتالوں پر ہو گا۔ تمام دفاتر کھلے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن