• news

وفاقی حکومت نے سندھ میں پانی بحران پیداکر دیا،چشمہ جہلم کینال فوری بند کی جائے،بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے۔ پانی کی ترسیل میں من مانیاں نہیں چلیں گی، سکھر بیراج میں 27 فیصد، کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔ عمران خان نے سندھ کے زیریں علاقوں کو پیاس کا صحرا بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے حصے کا پانی روک کر پی ٹی آئی حکومت اہلیان کراچی کو سزا دینا بند کرے۔ اگر سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران کو دور نہیں کیا گیا تو قحط جیسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور غذائی بحران کے ساتھ ایک نیا المیہ پیدا ہوجائے گا۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پنجاب کے عہدیداروں کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال‘ پنجاب کے تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی پی وسطی پنجاب کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کی انتھک محنت اور وفاداری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پی پی عہدیداران نے بلاول بھٹو زرداری کو استعفے پیش کر دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن