• news

 نیب لاہور:2ارب25کروڑ روپے کی سب سے ب بڑی پلی بارگین منظور

لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب لاہور نے اپنے قیام (1999) سے اب تک (21سالہ تاریخ) میں سب سے بڑی پلی بارگین پر عمل درآمد کرواتے ہوئے گرینڈ ایونیو ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں مرکزی ملزم ریاض احمد چوہان و دیگر سے  2   ارب 25کروڑ مالیت پر مشتمل پلی بارگین کی منظوری دی  جس کی معزز احتساب عدالت لاہور کی جانب سے توثیق کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں 5مئی 2021 کو ریجنل بورڈ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں مرکزی ملزم ریاض احمد چوہان و دیگر کی جانب سے  سوا  2   ارب کی پلی بارگین درخواست کو آئین و قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔ جبکہ مذکورہ پلی بارگین سے کم و بیش2150 متاثرین کو ریلیف فراہم کروایا جا رہا ہے۔ نیب لاہور کی جانب سے گرینڈ ایونیو ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں مرکزی ملزم ریاض احمد چوہان سے پلی بارگین پر عملدرآمد کیلئے ملزم کی4مختلف قیمتی جائیدادیں بحقِ سرکار رہن رکھنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ملزم ریاض احمد چوہان سے 75کروڑ 53لاکھ روپے کی رقم پلی بارگین کی پہلی قسط کے طور پر بحق سرکار وصول کر لی گئی ہے۔ کم و بیش 15ماہ کے قلیل دورانیہ میں نیب لاہور حکام کی جانب سے  کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ موجودہ قیادت کے 3سالہ دور میں نیب لاہور نے بدعنوان عناصر سے مجموعی طور پر 75  ارب سے زائد کی رقم برآمد کروا کر قومی خزانہ اور متعلقہ متاثرین کے حوالے کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو چیئرمین نیب جاوید اقبال کے عوام دوست ویژن کا عکاس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن