ملک بھر میں جمعۃ الوداع یوم القدس کے طور پر منایا گیا، ریلیاں
لاہور( خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے طور پر منایاگیا۔ شہریوں کی کثیر تعداد نے اختتام کی طرف بڑھتے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے اجتماعات میں کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں تقاریب کا انعقاد کیاگیا اور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کیخلاف اقوام عالم کی خاموشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ یوم القدس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک بھر میں محدود تعداد اور ایس او پیز کیساتھ ریلیاں بھی نکالی گئیں جن کا مقصد اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑ نا تھا۔ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ الوداع پر ملک گیر یوم القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔چاروں صوبوں وفاقی دارلحکومت،سمیت کشمیر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور شہروں، قصبوں اور ملک کے قریہ قریہ میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں ۔ اسلام آباد میں ریلی کی قیادت مرکزی قائدڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ناصر عباس شیراز ی ،ملی یکجہتی کے ڈاکٹر ثاقب اکبر آئی ایس او کے مرکزی رہنما برادر اشترعلی نے کی مقررین نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس کی آزادی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما ناصر عباس شیرازنے خطاب کرتے ہوئے کہا القدس کی آزادی بہت قریب ہے۔ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر نے ریلی سے اپنے خطاب میں نے کہاکہ عالم کفر کے مقابلے میں عالم اسلام کے مجتمع ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔مظاہرین نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مسجد علی جامعتہ النجف میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے۔