عدالت عالیہ کے 13 نئے ایڈیشنل ججوں نے حلف اٹھا لیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عدالت عالیہ میں نئے تعینات ہونے والے 13 ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے فاضل ججوں سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں جسٹس سہیل ناصر، جسٹس شکیل احمد، جسٹس صفدر سلیم شاہد، جسٹس احمد ندیم ارشد، مسٹر جسٹس طارق ندیم، مسٹر جسٹس محمد امجد رفیق، مسٹر جسٹس عابد حسین چٹھہ، مسٹر جسٹس انوار حسین، مسٹر جسٹس علی ضیاء باجوہ، مسٹر جسٹس سلطان تنویر احمد، مسٹر جسٹس محمد رضا قریشی، مسٹر جسٹس محمد شان گل اور مسٹر جسٹس محمد راحیل کامران شیخ شامل ہیں۔ تقریب میں سینئر ترین جج مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی، مسٹر جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک، مسٹر جسٹس علی باقر نجفی سمیت دیگر فاضل جج صاحبان، وفاقی و صوبائی لاء افسران، لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اور دیگر عہدیدار، سینئر وکلاء و دیگر نے شرکت کی۔ نئے ججز کی تعیناتی کے بعد عدالت عالیہ میں ججوں کی تعداد 50ہو گئی ہے، جن میں37 مستقل جبکہ 13ایڈیشنل جج صاحبان شامل ہیں۔ دریں اثناء عدالت عالیہ لاہور کے رجسٹرار ملک مشتاق احمد اوجلہ کی جانب سے نئے تعینات ہونے والے ججز کی عدالتوں میں کورٹ ایسو سی ایٹس، پرائیویٹ سیکرٹریز و پرسنل اسسٹنٹس، دفتری، قاصد و نائب قاصدوں اور ڈرائیورزکی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔