• news

چینی مارکیٹ میں85روپے کلو دی جائے،رمضان بازاروں میں فروخت روکنے کا حکم

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت روکنے کا حکم دے دیا۔  عدالت میں رمضان بازاروں میں چینی کے لئے قطاروں  اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کے تعین کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران لاہور ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کی جانب سے چینی عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔ اپنے ریمارکس میں لاہور ہوئی کورٹ نے کہا کہ  لمبی لمبی لائنیں نہیں لگنی چاہیے، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، 15روپے کے پیچھے آپ نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، اگر انسانی وقار متاثر کرنا ہے تو کسی کے گھر کے باہر سے چینی لینے دیں۔ یہاں عدالت میں حلف نامہ جمع کروائیں کہ لائنیں نہیں لگیں گی۔ دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ چینی کی دکانوں پر لوگوں کی لائنیں کیوں لگوائی جارہی ہیں؟۔ عام خریدار کو 85 روپے قیمت پر چینی کیوں نہیں مل رہی؟۔ حکومت نے جوکہا وہی قیمت مقرر کروا دی؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ لوگوں کو چینی 85 روپے میں مل رہی ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ میڈیا پر خبریں آپ کے بیان سے مختلف ہیں ، اگر بات مختلف ہوئی تو آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن