این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو19کھرب85ارب76کروڑ روپے منتقل
اسلام آباد (اے پی پی)نیشنل فنانس کمیشن )این ایف سی( ایوارڈ کے تحت جاری مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں وفاق کی جانب سے صوبوں کومحاصل کی مدمیں 19 کھرب، 85 ارب، 76 کروڑ، 64 لاکھ روپے منتقل کئے گئے جبکہ مجموعی صوبائی محصولات کاحجم 25 کھرب، 84 ارب، 28 کروڑ، 80 لاکھ روپے ریکارڈکیاگیا۔ ۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق جولائی سے لیکرمارچ 2021 تک کی مدت میں وفاق کی جانب سے صوبوں کومحاصل کی مد میں یہ فنڈز منتقل کئے گئے ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ پنجاب کو تین سہ ماہیوں میں وفاق کی جانب سے 9 کھرب، 73 ارب، 26 کروڑ50 لاکھ روپے منتقل کئے گئے، اس عرصہ میں پنجاب کی کل محصولات کاحجم 11 کھرب، 90 ارب، 93 کروڑ،80 لاکھ روپے ریکارڈکیاگیا۔ مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں صوبہ سندھ کی کل محصولات کاحجم 6 کھرب، 84 ارب، تین کروڑ،10 لاکھ روپے رہا، اس میں این ایف سی ایوارڈکے تحت وفاق سے صوبہ کومنتقل کردہ 4 کھرب، 93 ارب، 90 کروڑ، 60 لاکھ روپے شامل ہے۔صوبہ خیبرپختونخوانے مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں کل 4 کھرب، 79 ارب، 78 کروڑ، 30 لاکھ روپے کی محصولات اکٹھا کیں، اس میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ کو فراہم کردہ 3 کھرب، 19 ارب، 92 کروڑ، 20 لاکھ روپے کے فنڈز شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق جاری مالی سال میں صوبہ بلوچستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت ایک کھرب، 98 ارب، 67 کروڑ، 10 لاکھ روپے فراہم کئے گئے، صوبہ کی کل محصولات کاحجم دوکھرب، 29 ارب، 53 کروڑ، 60 لاکھ روپے ریکارڈکیا۔