• news

ون مین شوپر یقین نہیں،بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنائیں گے،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں  ارکان  قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی وعدہ کیا وہ نبھایا۔ ملتان کے بعد اب جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بہاولپور کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کر لیا ہے  بہت جلد بہاولپور کا دورہ کروں گا۔  سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کے وسائل کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا۔ آئندہ کوئی بھی جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔ پنجاب میں گورننس کا ماڈل بدل دیا ہے۔ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔ سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔  عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں۔  الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ پراپیگنڈا کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعووں سے نہیں ہوتی۔  پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں  رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون، میاں شفیق آرائیں، طاہر اقبال، فاروق اعظم، عبدالغفار وٹو اور رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری شامل تھے۔  عثمان بزدار پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ کی رہائش گاہ  گلبرگ گئے۔ وزیراعلیٰ  نے حامد ناصر چٹھہ سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ  اور افسوس کا اظہار کیا۔ دریں اثناء عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش کر رہا ہے اور اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اپوزیشن ذاتی ایجنڈے کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے۔ ہماری پہچان پاکستان کے دم سے ہی ہے۔ بد قسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا کے مرض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تھیلے سیمیا کے مرض میں مبتلا بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت تھیلے سیمیا سے بچاؤ اور علاج کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن