کرونا ویکسین لگوا کر خوف ختم ہو گیا لوگ ضرور لگوائیں‘ چترال کے 103سالہ عزیز عبدالعلیم کی اپیل
اپر چترال (نوائے وقت رپورٹ) یہاں کے 103 سالہ بابا عزیز عبدالعلیم کا کہنا ہے کہ اس نے نہ صرف کرونا کو شکست دی بلکہ وہ کرونا ویکسین لگوانے کے حامی ہیں۔ عزیز عبدالعلیم نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کرونا ویکسین لگوائیں۔ عزیز عبدالعلیم کرونا کی دوسری ویکسین بھی لگوا چکے ہیں اور انہیں اس کا کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے اگر میری عمر کا شخص ویکسین سے بہتر محسوس کر سکتا ہے تو ہر کسی کو حوصلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وجہ نہیں کہ ویکسین نہ لگوائی جائے۔ ان کے علاج کے دوران ان کے معالج ڈاکٹر شاہ میر نے اس کے حوصلے اور عزم کی تعریف کی ہے۔ عزیز عبدالعلیم نے کہا ہے کہ سب سے بڑی بات یہ کہ میرا خوف جاتا رہا ہے اور اب ان کے پورے خاندان نے بھی ویکسین لگوا لی۔