یوم القداس:اسرائیلی فوج کا مسجد اقصی پر دھاوا،205فلسطینی زخمی
غزہ (نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز) یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی فورسز کے مسجد الاقصیٰ اور مشرقی بیت المقدس میں حملوں میں 205 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز کے تشدد سے 205 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید اور ایک فلسطینی زخمی ہوا تھا۔ 9 صہیونی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، اردن اور خلیج تعاون کونسل نے فلسطینیوں کی ممکنہ بے دخلی پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل کی سپریم کورٹ پیر کو فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق معاملے کی سماعت کرے گی۔ادھر سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھر گرانے کی شدید مذمت کی ہے۔