• news

12 لاکھ آسٹرازینکا ویکسین  پاکستان پہنچ گئی‘ امریکہ کا خیر مقدم 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی) پاکستان کو کو ویکس سہولت سے  اوکسفرڈ-اسٹرازینکا کووِڈ -19 ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہوگئی۔ ویکسین کی 12 لاکھ 38 ہزار 400 افراد کے لئے ویکسین کی کھیپ ہے جس کے بعد چند دنوں میں 12 لاکھ 36 ہزار افراد کے لئے مزید ویکسین پاکستان پہنچ جائے گی۔ جو پہلے سے جاری تاریخی مہم کی کامیابی میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ دریں اثناء امریکی حکومت نے پاکستان میں 12 لاکھ اسٹرازینیکا کرونا ویکسین پہنچنے کا خیر مقدم کیا۔ امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکہ اب تک ویکسین کے عالمی اتحاد کی تنظیم گاوی کو 2 ارب ڈالر فراہم کر چکا ہے اور 2022ء تک مزید 2 ارب ڈالرعطیہ کرے گا۔ امریکہ ویکسین تک رسائی کی کوویکس ایڈوانس مارکیٹ کو بڑے پیمانے پر عطیہ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر اینجیلا ایگلر کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے بہت مشکل وقت ہے اور امریکہ کو مشکل کی اس گھڑی میں کرونا وبا کو شکست دینے کیلئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پہلے دن سے اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے پاکستانی اداروں کے ساتھ ثابت قدمی سے کام کر رہا ہے اور اس وبا کو مکمل شکست دینے تک پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن