• news

کرونا،تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند،ٹرانسپورٹ کل بھی چلے گی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر کا قہر جاری، مزید 120اموات اور 4 ہزار 109 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 797 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 54 ہزار 240 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 8 ہزار 951 افراد سندھ میں 4 ہزار 722، خیبر پی کے 3 ہزار 562، اسلام آباد 706، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 246 اور آزاد کشمیر میں 503 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پاکستان میں کرونا کی ویکسی نیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں16 مئی تک مکمل لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا جبکہ سندھ میں صوبائی حکومت کی طرف سے اجازت ملنے پر کاروباری مراکز کھلے ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق کرونا وائرس پھیلائو خدشات کے پیش نظر این سی او سی کے فیصلوں کے تحت صوبہ خیبر پی کے اور بلوچستان میں لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ 10 مئی سے بند ہوگی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی 16 مئی تک تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ تفریحی مقامات، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی نہیں چلے گی۔ لاہور میں گزشتہ روز بازار، مارکیٹیں، شاپنگ پلازے شام 6 بجتے ہی بند کرا دئیے گئے۔ شاپنگ کے آخری روز بازاروں میں رش رہا۔ پنجاب حکومت نے چاند رات پر بھی بازاروں، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کا خطرہ ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے۔اسد عمر نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے ، ملک کو متحد رہنے کی ضرورت ہے کرونا کی پہلی لہر میں جو حاصل کیا وہ دوبارہ کریں۔ این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آج کے این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیماری کے رحجان کے پیش نظر 17  مئی تک بند کئے گئے تعلیمی ادارے اب 23 مئی 2021 ء تک بند رہیں گے۔  ٹویٹر پر مزید بتایا گیا کہ فیصلے پر نظرثانی 18 مئی 2021ء کو کی جائے گی۔ پشاور پولیس کے 6 اہلکار کرونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایس ایس پی سمیت 84  پولیس اہلکار کرونا سے متاثر ہوئے ہزاروں اہلکار ویکسی نیشن کے منتظر ہیں۔ لیکن نمبر نہ سکا۔ پولیس کا مطالبہ ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ویکسی نیشن فوری شروع کی جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومت کی طرف 8 سے 16  مئی تک لاک ڈاؤن  ہدایت پر گوجرانوالہ میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازار اور مالز مکمل بند ہیں۔ جبکہ کریانہ‘ سبزی‘ گوشت‘ دودھ کی دوکانیں اور میڈیکل سٹور کھلے ہیں بازاروں میں پولیس موبائل گشت کر رہی ہیں اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی  معمول سے کم ہیں۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں کرونا کے مزید 20 متاثرہ مریض جاں بحق‘ ہسپتالوں میں ضروری کارروائیوں کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا رش‘ مریضوں نے نجی ہسپتالوں کا رخ کر لیا۔ نجی ہسپتال کی انتظامیہ نے مریضوں کو لوٹنا شروع کر دیا، مریضوں کے ورثاء پریشان ‘ طبی ماہرین کی بڑھتی ہوئی اموات پر شہریوں کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت پنجاب کانسٹیبلری میں ڈیوٹی کرنے والا تھانیدار کرونا کا شکار ہو کر چل بسا جبکہ ایس پی صدر ڈویژن رانا اشرف کو کرونا سے متاثر ہونے پر الائیڈ ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے جبکہ کرونا میں مبتلا ہونے پر الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج اے ایس آئی رانا شاہد دم توڑ گئے۔ بلوچستان میں مثبت کرونا کیسز میں اضافہ ہوگیا۔ کرونا کیسز کی شرح دس سے 13 فیصد تک جا پہنچی اپر دیر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد ‘  پشاور اور مالاکنڈ میں کیسز کی شرح 17 فیصد‘ مردان 14‘ لوئر دیر11‘ مانسہرہ میں 10 فیصد شرح ہے۔ خیبر پی کے میں کرونا کیسز کی شرح آٹھ فیصد رہی۔پنجاب حکومت نے بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کو 10 مئی شام 6 بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔ سول سیکرٹریٹ میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر نے شرکت کی۔ راجہ بشارت کے مطابق 10 مئی شام 6 بجے سے 15 مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔فرانس نے پاکستان کو کرونا ریڈلسٹ میں ڈال دیا۔ فرانس جانے والے پاکستانیوں کو 15 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ عید منانے کیلئے پاکستان آنے والوں کو پریشانی لاحق ہوگئی۔ سات اور ممالک سے آنے والوں پر بھی قرنطینہ لازم قرار دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن