حکومت کرونا اور اپوزیشن دونوں سے چھٹکار پاکر دم لے گی:رانا عباس
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ضلع رہنما رانا عباس علی خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کررہے ہیں، عوام کو صحت و تعلیم کی جدید سہولیات مقامی سطح پر فراہم کی جارہی ہیں پنجاب کے پسماندہ علاقے کے لوگوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر ہر قسم کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے تیز ترین اقدامات اٹھائے گئے ، اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں مزدور طبقے کا ہر سطح پر استحصال ہوتارہا سابق حکمرانوں کی پالیسیوں سے مزدور طبقہ بے روزگاری کا شکار اور فاقہ کشی پر مجبور ہوا۔، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جنگ کرپشن کے خلاف ہے عمران خان اپنے بیانئے پر قائم ہیں، کرپشن اور کورونا دونوں حکومتی ٹارگٹ پر ہیں جن سے مکمل چھٹکارا حاصل کرکے حکومت دم لے گی ۔