ضمنی الیکشن میں عوام نے حکمرانوں سے نجات کا پیغام دیدیا:نثار احمد چیمہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و ممبر قومی اسمبلی نثار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ ڈسکہ، وزیر آباد اور خوشاب کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی نے سیلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات کا واضح عوامی پیغام دے دیا۔ موجودہ حکمران آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھتے ہوئے اقتدار اور عوام کی جان چھوڑدیں اسی میں ان کی اور ملک وقوم کی بہتری ہے۔ اپنے ایک صحافتی بیان میں نثار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ اس وقت اقتدار پر نہلے پر دہلے نااہلوں کا ایک ٹولہ مسلط ہے جن کی زبان اور اعمال سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہ سکے۔ ماہ رمضان المبارک میں بھی اس ٹولے کی بددیانتیوں اور بدزبانیوں گا گراف بلندی کی جانب ہی رہا۔ ملک میں مصنوعی مہنگائی کا طوفان برپا پے چینی، گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کے عمل سے حرام دھن اکٹھا کرنے والے اسی حکومتی ٹولے کا حصہ ہیں جن کا دن رات کرپشن کے فروغ میں صرف ہورہا ہے۔ عوام، چینی، آٹا دالوں کی قیمتوں اور نایابی کو رو رہے ہیں جبکہ حکمران اور ان کے حواری سب اچھا کے راگ الاپ رہے۔