• news

وائیں فیملی نے مشکل میں ساتھ دیا،کابل دھماکوں سے سانحہ اے پی ایس کے زخم تازہ،شہباز شریف

میاں چنوں+لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نیٹ نیوز) میاں شہباز شریف سے  مجیدہ وائیں‘ سابق ایم این اے غزالہ شاہین وائیں تحصیل صدر پی ایم ایل (ن)  نے ملاقات  کی۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے بیگم مجیدہ وائیں اور غزالہ وائیں  نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ وائیں فیملی نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔  مسلم لیگی کارکنان کے لئے وائیں شہید کی فیملی رول ماڈل ہے۔ حقیقی نظریاتی مسلم لیگی ہے۔ شہباز شریف نے  غلام حیدر وائیں شہید کی مسلم لیگ (ن) کے لئے دی جانے والی خدمات کو خراج  عقیدت پیش کیا اور وائیں فیملی کی بے لوث رفاقت اور پارٹی کے لئے ان تھک کاوشوں کو سراہا۔ غزالہ شاہین وائیں  کو پارٹی پرچم سر بلند رکھنے اور میاں نواز شریف کے بیانیے کی ترجمانی‘ مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی پارٹی فعال رکھنے پر شاباش دی۔ بیگم مجیدہ  وائیں کی بہتر صحت اور وائیں شہید کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔ بیگم مجیدہ وائیں اور ڈاکٹر غزالہ شا ہین وائیں نے شہباز شریف کو رہائی پر مبارک باد دی۔ دریں اثناء  شہباز شریف نے  کابل میں  سکول دھماکوں  کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت طلبہ کی تھی۔ اس بہیمانہ واقعہ نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے زخم تازہ کر دیئے ہیں۔ دریں اثناء مائوں کے عالمی دن پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا ماں کی انمول محبت ٹھنڈے گھنے سایہ دار شجر کی مانند ہوتی ہے،افسوس میں نے والدہ کو اس وقت کھویا جب  جیل میں تھا،آج شہدا کی مائوں اور پشاور سانحہ اے پی ایس ،یں بچوں کی جدائی کا بڑا غم سہنے والی مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن